گجرات کے صدر سرکل میں پولیس نے منشیات فروشوں اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے افراد کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ڈی ایس پی صدر سرکل غازی آصف علی بیگ کی زیر نگرانی جاری اس آپریشن کا مقصد علاقے کو جرائم سے پاک بنانا اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
منگووال پولیس کی کارروائی
تھانہ منگووال کے ایس ایچ او محمد اسلم اور اے ایس آئی محمد عمران نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔
مدثر حسین سکنہ منگووال کے قبضے سے 1100 گرام ہیروئن، آصف علی سکنہ چکریاں سے 520 گرام چرس برآمد کی گئی۔
دونوں ملزمان کے خلاف علیحدہ مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
جلالپور جٹاں پولیس کی کارروائی
تھانہ سٹی جلالپور جٹاں کے ایس ایچ او مبارک حسین شاہ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ منشیات اور اسلحہ فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کیا۔
گرفتار افراد میں محمد سنی، محمد بابر، محمد مظفر، محمد رانجھا (تمام ساکنان گلشن کالونی) شامل ہیں، جن کے قبضے سے شراب برآمد ہوئی۔ جبکہ علی اصغر سکنہ محلہ عمران پورہ کے قبضے سے 30 بور پسٹل برآمد کیا گیا۔
تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ڈی ایس پی صدر سرکل غازی آصف علی بیگ نے بیان میں کہا ہے کہ پولیس جرائم کے خاتمے کے لیے پوری طرح سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلحہ، منشیات اور دیگر جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی، اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔