گجرات پولیس نے دو اہم کارروائیوں کے دوران کراچی سے مجرم اشتہاری جبکہ دندی نظام سے اقدامِ قتل کا مرکزی ملزم گرفتار کر لیا، 30 بور پسٹل بھی برآمد۔
گجرات، تھانہ سٹی سرائے عالمگیر پولیس نے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث دو خطرناک ملزمان کو گرفتار کر کے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ پولیس کے مطابق ان کارروائیوں میں ایک مجرم اشتہاری اور ایک اقدامِ قتل کا مرکزی ملزم شامل ہے، جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
ڈی ایس پی سرائے عالمگیر سرکل ڈاکٹر ممتاز احمد میکن کی زیرِ نگرانی ایس ایچ او وقاص الرحمٰن اور اے ایس آئی عثمان اللہ بٹ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے رہائشی علی احمد صدیقی ولد محمد رفیق کو گرفتار کیا، جو مجرم اشتہاری کے طور پر متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔
اسی طرح دوسری کارروائی میں اقدامِ قتل کے مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم شہباز احمد عرف مانی ولد لیاقت حسین، قوم جٹ، سکنہ دندی نظام کو گرفتار کیا گیا۔ دورانِ تفتیش ملزم کی نشاندہی پر وقوعہ میں استعمال ہونے والا 30 بور پسٹل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ دیگر ممکنہ ساتھیوں اور جرائم کے نیٹ ورک کا سراغ لگایا جا سکے۔
یاد رہے کہ تھانہ سٹی سرائے عالمگیر پولیس پہلے بھی کئی سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری میں کامیاب ہو چکی ہے، اور یہ سلسلہ عوام کے تحفظ و امن و امان کی بحالی کے لیے جاری ہے۔