گجرات پولیس نے ضلع بھر میں پتنگ فروشوں، پتنگ بازوں اور پتنگ سازوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے تھانہ سٹی سرائے عالمگیر میں کارروائی کی۔ اس دوران ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 6 عدد پتنگیں برآمد کر لی گئیں۔
کارروائی کی تفصیلات
ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق کی ہدایات کے مطابق ضلع بھر میں پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
ڈی ایس پی سرائے عالمگیر سرکل ڈاکٹر ممتاز احمد میکن کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ سٹی سرائے عالمگیر راحیل عارف اور ایس اے آئی سید قمر رضا اپنی ٹیم کے ہمراہ علاقے میں گشت کر رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے پتنگ فروش عبدالصبور ولد محمد طفیل قوم نغل سکنہ ذیلدار چوک سرائے عالمگیر کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے چھ عدد پتنگیں برآمد کی گئیں۔
گجرات پولیس کا کراچی کے تاجر کو گرفتار کرنے کا معاملہ، ایس ایچ او معطل
پولیس نے فوری طور پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
والدین اور عوام کے لیے انتباہ
پولیس حکام نے عوام کو بھی خبردار کیا ہے کہ پتنگ بازی اور پتنگ فروشی ایک جان لیوا کھیل ہے، جس سے بچوں اور بڑوں کی زندگی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو اس قسم کی سرگرمیوں سے دور رکھیں تاکہ حادثات اور نقصان سے بچا جا سکے۔
ڈی پی او گجرات نے زور دیا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی اور عوام کو اپنے شہری فرائض کی ادائیگی میں تعاون کرنا چاہیے۔
