گجرات میں پٹرول پمپوں پر ڈیجیٹل ادائیگی اور جدید سہولیات لازمی قرار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

گجرات میں عوام کو بہتر اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے ڈسٹرکٹ پٹرول پمپ کمیٹی کا ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر نورالعین کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں قائم پٹرول پمپوں سے متعلق مختلف انتظامی، حفاظتی اور سہولتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صباء سحر، ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس عاصم وہلہ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

latest urdu news

اجلاس کے دوران پٹرول پمپوں سے متعلق دو مختلف کیسز زیر غور آئے۔ تفصیلی مشاورت کے بعد ایک کیس کی منظوری دے دی گئی، جبکہ دوسرے کیس کو مزید قانونی اور تکنیکی جانچ پڑتال کے لیے مؤخر کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر شفافیت اور قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ڈپٹی کمشنر نورالعین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ ضلع گجرات میں قائم تمام پٹرول پمپوں پر ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام کو لازمی قرار دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہر پٹرول پمپ پر کیو آر کوڈ، ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگی کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ صارفین کو نقد رقم کے بغیر آسان اور محفوظ ادائیگی کا موقع مل سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل نظام نہ صرف عوام کے لیے سہولت کا باعث بنے گا بلکہ شفافیت میں بھی اضافہ کرے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید اعلان کیا کہ آئندہ منظور ہونے والے تمام نئے پٹرول پمپوں پر الیکٹرک وہیکل (ای وی) چارجنگ اسٹیشن کا قیام لازمی ہوگا۔ ان کے مطابق مستقبل میں الیکٹرک گاڑیوں کے بڑھتے ہوئے استعمال کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اقدام وقت کی اہم ضرورت ہے، جس سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور جدید ٹرانسپورٹ کے فروغ میں مدد ملے گی۔

انہوں نے چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں تمام پٹرول پمپوں پر معیاری واش رومز، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسافروں اور شہریوں کی سہولت کو اولین ترجیح دی جائے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نورالعین نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ پٹرول پمپوں پر قوانین، حفاظتی انتظامات اور سول ڈیفنس کے ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے اور عوام کو محفوظ اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter