سرائے عالمگیر اور کھاریاں میں اسسٹنٹ کمشنرز نے شادی ہالز کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے ون ڈش پالیسی کی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائیاں کیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد حکومتی قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانا اور فضول خرچی کے رجحان کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔
سرائے عالمگیر میں اسسٹنٹ کمشنر فاروق اعظم نے مختلف شادی ہالز کا معائنہ کیا، جہاں پاک میرج اور فیری لینڈ شادی ہالز میں واضح طور پر ون ڈش پالیسی کی خلاف ورزی پائی گئی۔ جس کے نتیجے میں انتظامیہ نے دونوں ہالز پر مجموعی طور پر 1 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔ اے سی فاروق اعظم نے اس موقع پر انتظامیہ کو ہدایت کی کہ پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے کسی بھی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
دوسری جانب کھاریاں میں اسسٹنٹ کمشنر نے اسکائی ویز اور ریوولی شادی ہالز کا دورہ کیا۔ معائنے کے دوران ریوولی شادی ہال میں ون ڈش پالیسی کی خلاف ورزی ثابت ہوئی، جس پر ہال انتظامیہ کو 50 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ حکومتی ہدایات کے برعکس کسی بھی شادی ہال کو اضافی ڈشز پیش کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
کنجاہ میں ون ڈش کی خلاف ورزی پر کارروائی، اے سی بلال زبیر نے مارکی سیل کر دی
ضلعی انتظامیہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ شادی ہالز میں ون ڈش پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔ خلاف ورزی کی صورت میں نہ صرف جرمانے بلکہ مزید سخت قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ حکام کے مطابق یہ اقدامات عوام کو غیر ضروری اخراجات سے بچانے اور ایک یکساں پالیسی کے اطلاق کو یقینی بنانے کے لیے جاری رہیں گے
