گجرات میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافہ، مختلف علاقوں سے ایک ہی دن میں پانچ موٹر سائیکلیں چوری، پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
گجرات: شہر اور نواحی علاقوں میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتیں تھمنے کا نام نہیں لے رہیں۔ گزشتہ روز ایک ہی دن میں پانچ مختلف مقامات سے موٹر سائیکلیں چوری کر لی گئیں، جس سے شہریوں میں شدید تشویش اور عدم تحفظ کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سروس موڑ گجرات سے دیونہ منڈی کے رہائشی محمد معظم کی موٹر سائیکل نامعلوم چور چرا کر لے گئے۔ اسی طرح گاؤں شیخ پور کی مسجد کے باہر کھڑی ایک شہری کی موٹر سائیکل بھی چوری ہو گئی۔
جلالپور جٹاں کے نواحی گاؤں گلی والہ میں محمد سلیم کی موٹر سائیکل چوری کر لی گئی، جبکہ منگووال میں زارایا سر نامی خاتون کے گھر نامعلوم چور دیوار پھلانگ کر داخل ہوئے اور دروازہ کھول کر گھر میں کھڑی موٹر سائیکل لے اڑے۔ کنجاہ بازار سے بھی چک چوہدو کے رہائشی کی موٹر سائیکل چوری کر لی گئی۔
ان وارداتوں پر تھانہ سول لائن، صدر گجرات، جلالپور جٹاں، منگووال اور کنجاہ پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ شہریوں نے بڑھتی ہوئی چوری کی وارداتوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں سے گجرات اور گرد و نواح میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، تاہم پولیس تاحال کسی بڑے گروہ کو بے نقاب کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔