گجرات: تھانہ انڈسٹریل اسٹیٹ پولیس نے نوجوان کے قتل کا معمہ 24 گھنٹوں میں حل کر لیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

گجرات: بے دردی سے قتل کیے جانے والے نوجوان کے قتل کا معمہ پولیس نے محض 24 گھنٹوں میں حل کرتے ہوئے واردات میں ملوث دونوں ملزمان کو آلۂ قتل سمیت گرفتار کر لیا ہے۔ یہ کارروائی تھانہ انڈسٹریل اسٹیٹ فیز ٹو پولیس نے جدید تفتیشی تقاضوں کے تحت انجام دی۔

latest urdu news

تفصیلات کے مطابق 30 دسمبر 2025 کو دن تقریباً 8 بج کر 30 منٹ پر گجرات پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ تھانہ انڈسٹریل اسٹیٹ فیز ٹو کے نواحی گاؤں دتیوال میں ایک نوجوان کو قتل کر دیا گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی، جہاں پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (PFSA) اور کرائم سین یونٹ کی مدد سے شواہد اکٹھے کیے گئے۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت محمد ندیم ولد محمد شملہ، عمر 25 سال، سکنہ ضلع راجن پور کے طور پر ہوئی، جو گزشتہ 7 سے 8 برس سے گاؤں دتیوال میں مقیم تھا اور محنت مزدوری کر کے روزگار کماتا تھا۔ مقتول کے بھائی محمد شفیق کی مدعیت میں نامزد ملزمان کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کر لیا گیا، جبکہ لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کرایا گیا۔

ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزمان نے مقتول کو تیز دھار آلے سے انتہائی سفاکی کے ساتھ قتل کیا اور موقع سے فرار ہو گئے تھے۔ واقعے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے 24 گھنٹوں کا ٹاسک دیا۔

گجرات میں انسدادِ عطائیت مہم جاری، متعدد دیہاتوں میں چھاپے، ایک غیر قانونی کلینک سیل

ایس پی انویسٹی گیشن مہر محمد ریاض کی سربراہی میں خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ ڈی ایس پی صدر سرکل رائے سرفراز یوسف کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ انڈسٹریل اسٹیٹ فیز ٹو احسان لطیف اور دیگر ٹیموں نے فوری ناکہ بندیاں کروا دیں تاکہ ملزمان فرار نہ ہو سکیں۔

پولیس نے جدید سائنسی اور تکنیکی ذرائع استعمال کرتے ہوئے چند ہی گھنٹوں میں قتل میں ملوث دونوں ملزمان ارمان بٹ ولد مرتضیٰ اور اسداللہ ولد سیف اللہ، سکنائے دتیوال کو گرفتار کر لیا۔ دورانِ تفتیش ملزمان نے اعتراف کیا کہ مقتول کے ساتھ ایک روز قبل معمولی تلخ کلامی ہوئی تھی، جس کا رنج دل میں رکھ کر انہوں نے قتل کا منصوبہ بنایا اور بہانے سے گھر سے بلا کر برچھی کے وار سے اسے قتل کر دیا۔

ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق نے کہا ہے کہ نوجوان کے قتل میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ کیس کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter