گجرات میں بند گھر میں آتشزدگی، ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی سے آگ پر قابو پالیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ریسکیو 1122 گجرات کے کنٹرول روم کو صبح 07 بج کر 20 منٹ پر ایک رہائشی گھر میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی۔ کالر کے مطابق کوٹ موج دین گاؤں، ہیڈ خانکی روڈ گجرات میں واقع ایک بند گھر کے اندر آگ بھڑک اٹھی تھی۔

latest urdu news

اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کنٹرول روم نے فوری طور پر امدادی ٹیموں کو موقع پر روانہ کردیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق آپریشن میں 6 ریسکیورز اور 3 ایمرجنسی وہیکلز نے حصہ لیا، جبکہ ریسکیو کارروائی کی قیادت سینئر ریسکیو آفیسر نے کی۔

ریسکیو ٹیم کے مطابق آگ ایک سات مرلہ پر مشتمل سنگل اسٹوری رہائشی گھر میں لگی تھی، جہاں واقعے کے وقت گھر کے مکین موجود نہیں تھے۔ ریسکیورز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا اور مکمل طور پر قابو پالیا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی شخص زخمی ہوا۔ تاہم آگ کے باعث گھر کے اندر موجود سامان کو نقصان پہنچا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق ہمسایوں کی اطلاع پر گھر کے مالکان بھی موقع پر پہنچ گئے، جنہوں نے بتایا کہ گھر سے کچھ سامان غائب ہے۔ ابتدائی معلومات کی بنیاد پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر نامعلوم چوروں نے چوری کرنے کے بعد شواہد مٹانے کے لیے آگ لگائی۔

ریسکیو حکام نے واقعے کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو ایمرجنسی نمبر 15 کے ذریعے دے دی ہے، تاکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا سکیں اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter