گجرات میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن، فلور اور رائس ملز پر چھاپے، سخت کارروائی کی تنبیہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ گجرات نے ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوز مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔ اس کارروائی کی نگرانی ڈپٹی کمشنر نورالعین نے کی، جبکہ فیلڈ ایکشن کی قیادت ایس ڈی ای او پیرا فورس عائشہ حیدر گوندل نے کی، جن کے ہمراہ محکمہ فوڈ کنٹرول کے انسپکٹرز بھی شامل تھے۔

latest urdu news

کریک ڈاؤن کے دوران ضلع بھر میں بڑی فلور ملز، رائس ملز اور نجی گندم گوداموں پر چھاپے مارے گئے۔ جن اداروں کا معائنہ کیا گیا ان میں میزان فیڈز مل (ریور گارڈن)، حسن رائس ملز، حاجی عارف ٹریڈر، وطن رائس ملز اور ایوب رائس ملز شامل ہیں۔

موقع پر موجود ٹیموں نے نہ صرف ذخیرے کا مکمل ریکارڈ حاصل کیا بلکہ مالکان کو حکومت کی "زیرو ٹالرینس” پالیسی سے آگاہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کوشش ناقابلِ قبول ہے اور اس پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ایس ڈی ای او پیرا فورس عائشہ حیدر گوندل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ: "وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق عوام کو ریلیف دینا ہماری اولین ترجیح ہے۔ کوئی بھی فرد یا ادارہ اگر مارکیٹ کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کرے گا تو اسے نتائج بھگتنا ہوں گے۔”

ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ یہ چھاپے اور معائنہ جات صرف آغاز ہیں، اور مستقبل میں ایسی کارروائیاں مزید تیزی کے ساتھ جاری رہیں گی تاکہ ذخیرہ اندوزی اور مہنگائی کے خلاف مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter