گجرات میں ضلعی انتظامیہ نے تجاوزات اور صفائی کے ناقص انتظامات کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے کورٹ روڈ پر متعدد دکانیں سیل کر دیں۔ اس کارروائی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر گجرات عبدالقدیر زرکون نے کی، جنہوں نے عوامی شکایات اور شہری نظم و ضبط کی بگڑتی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے فوری اقدامات کیے۔
انتظامیہ کے مطابق کارروائی عارضی اور مستقل تجاوزات، سڑک پر تعمیراتی ملبہ چھوڑنے اور کچرا پھینکنے جیسے سنگین مسائل کے باعث عمل میں لائی گئی۔ ان دکانوں اور کاروباری مراکز کو سیل کیا گیا جو بارہا وارننگ کے باوجود سرکاری احکامات پر عمل نہیں کر رہے تھے اور سڑک و فٹ پاتھ پر قبضہ کیے ہوئے تھے، جس سے ٹریفک اور پیدل چلنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عبدالقدیر زرکون نے واضح کیا کہ شہر کی خوبصورتی، صفائی اور عوامی سہولت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات اور گندگی نہ صرف شہری ماحول کو خراب کرتی ہیں بلکہ حادثات کا سبب بھی بنتی ہیں، اس لیے ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی حدود میں رہتے ہوئے کاروبار کریں، کچرا مقررہ مقامات پر ڈالیں اور تعمیراتی ملبہ سڑکوں پر نہ چھوڑیں۔ اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی اولین ترجیح شہریوں کو صاف، منظم اور سہولیات سے آراستہ ماحول فراہم کرنا ہے اور آئندہ بھی صفائی و نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے اسی طرح کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
شہری حلقوں نے انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس طرح کی کارروائیوں سے گجرات میں ٹریفک کی روانی، صفائی اور مجموعی شہری ماحول میں بہتری آئے گی۔
