گجرات میں ایمرجنسی اور فائر سیفٹی کے انتظامات مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

گجرات میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر نورالعین کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں ایمرجنسی رسپانس اور فائر سیفٹی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کا مقصد ممکنہ حادثات، خصوصاً آتشزدگی کے واقعات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اور مؤثر اقدامات کو یقینی بنانا تھا۔

latest urdu news

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو وقاص صفدر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر، ڈسٹرکٹ آفیسر ایمرجنسی 1122 عمر اکبر، چیف افسران بلدیات اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران مختلف علاقوں میں فائر سیفٹی کے موجودہ نظام، دستیاب وسائل اور درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے اجلاس میں یہ اہم فیصلہ کیا گیا کہ گنجان آباد رہائشی علاقوں اور کمرشل مراکز میں پانی کے فائر ہائیڈرنٹس ایک ہفتے کے اندر نصب کیے جائیں گے۔ حکام کے مطابق ان ہائیڈرنٹس کی تنصیب سے کسی بھی ہنگامی صورتحال، خصوصاً آگ لگنے کے واقعات میں ریسکیو اداروں کو فوری پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی، جس سے قیمتی جانوں اور املاک کو بچایا جا سکے گا۔

ڈپٹی کمشنر نورالعین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہری علاقوں میں بلند عمارتوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے پیش نظر فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عمل درآمد ناگزیر ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تین منزلہ اور اس سے زائد منزلوں والی تمام عمارتوں میں اسٹیئر کیس، ایمرجنسی ایگزٹ، فائر الارم اور دیگر حفاظتی انتظامات مکمل ہونے چاہئیں۔

ضلع گجرات میں کیش لیس نظام کے فروغ کیلئے ڈیجیٹل آن بورڈنگ ڈرائیو کا آغاز

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ان اقدامات پر عمل درآمد کے لیے انجمنِ تاجران کو بھی اعتماد میں لیا جائے اور ان کے تعاون سے کمرشل عمارتوں میں فائر سیفٹی کے معیارات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی عمارتوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ایسی عمارتوں کو سیل بھی کیا جا سکتا ہے۔

اجلاس میں ایمرجنسی 1122 کے افسران نے ریسکیو سہولیات، دستیاب آلات اور عملے کی استعداد کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عوام میں آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ شہری خود بھی فائر سیفٹی سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان فیصلوں پر بروقت عمل درآمد سے گجرات میں ایمرجنسی رسپانس سسٹم مزید مضبوط ہوگا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری اور مؤثر کارروائی ممکن بنائی جا سکے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter