گجرات میں عیدالاضحی کے موقع پر 3 ہزار ٹن آلائشوں کی ڈمپنگ مکمل، چیف میونسپل آفیسر کے مطابق 2100 ملازمین اور اضافی ورکرز نے صفائی میں حصہ لیا، شہر بھر میں چونا اور عرق گلاب کا اسپرے بھی کیا گیا۔
گجرات،عیدالاضحی کے تینوں دنوں کے دوران گجرات شہر میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے بڑی سطح پر صفائی مہم چلائی گئی، جس کے تحت مجموعی طور پر 3 ہزار ٹن آلائشوں کی ڈمپنگ کی گئی۔ چیف میونسپل کارپوریشن آفیسر گجرات خالق داد گاڑا کے مطابق اس مقصد کے لیے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں ڈیوٹی پر مامور کیا گیا۔
خالق داد گاڑا نے بتایا کہ صفائی آپریشن میں 1700 مستقل ملازمین کے ساتھ ساتھ 400 ایڈیشنل ورکرز نے بھی حصہ لیا تاکہ شہر میں گندگی اور بدبو سے بچا جا سکے۔ صفائی کے لیے 650 ٹریکٹرز، ریڑھیاں، ایکسیویٹر، کرینز، لوڈر رکشے اور دیگر مشینری مہیا کی گئی تاکہ عوام کے گھروں سے آلائشیں بروقت اٹھائی جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آلائشوں کی ڈمپنگ کے بعد سفید چونا ڈالا گیا اور 24 گھنٹے عرق گلاب کا چھڑکاؤ جاری رکھا گیا تاکہ فضا خوشبو دار اور صاف ستھری رہے۔ اے آر آر کے ورکرز نے شدید گرمی کے باوجود دن رات کام جاری رکھا۔
سی او خالق داد گاڑا نے بتایا کہ صفائی مہم میں کمشنر گوجرانوالہ، ڈپٹی کمشنر گجرات اور بالخصوص وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت گجرات کو صاف اور مثالی شہر بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی گئی۔
یاد رہے کہ ہر سال عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کی بروقت صفائی نہ ہونے کی وجہ سے شہری علاقوں میں تعفن اور وبائی امراض کے خدشات پیدا ہو جاتے ہیں، تاہم اس سال گجرات میں بروقت اقدامات کے باعث صفائی کے حوالے سے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔