ضلع گجرات میں امن و امان کی صورتحال کو مستحکم رکھنے اور رمضان المبارک کے دوران مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے ڈسٹرکٹ پیس کمیٹی کا اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر نورالعین کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران سیکیورٹی انتظامات، امن و امان کی مجموعی صورتحال اور مذہبی رواداری کو برقرار رکھنے کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نورالعین نے علماء کرام، امن کمیٹی کے ممبران اور مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندگان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ رمضان المبارک میں امن کی فضا قائم رکھنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی شرپسندی، نفرت انگیز مواد یا امن میں خلل ڈالنے کی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک صبر، برداشت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے اور ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ اس مقدس مہینے میں اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دیا جائے۔
اس موقع پر ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق نے اجلاس کو سیکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس رمضان المبارک کے دوران مکمل طور پر متحرک رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اہم مقامات، مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر حساس علاقوں پر فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی جبکہ گشت اور نگرانی کے نظام کو بھی مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ ڈی پی او نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
گجرات: شہباز شریف پارک میں جدید ڈانسنگ فاؤنٹین منصوبے کا آغاز
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر، اسسٹنٹ کمشنر گجرات عبدالقدیر زرکون، اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں احمد شیر، اسسٹنٹ کمشنر سرائے عالمگیر فاروق اعظم سمیت ضلعی افسران نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ امن کمیٹی کے ممبران اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء و نمائندگان بھی اجلاس میں شریک ہوئے جن میں پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی، سید الطاف حسین رضوی، ابرار حسین صافی، جواد الرحمن نظامی، قاری عطااللہ، شاہد چوہدری، ڈاکٹر عرفان مغل، محمد منیر گوندل، چوہدری شبیر حسین، ذیشان اسلم، مہر علی قادری، سمیرا ملک، نزہت یاسین، خادم علی خادم، منور کھوکھر اور پادری یاسر سمیت دیگر معزز شخصیات شامل تھیں۔
اجلاس کے دوران شرکاء نے ملک میں امن و استحکام کے لیے باہمی تعاون، برداشت اور یکجہتی کے عزم کا اظہار کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دے کر ہی پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کے امن، سلامتی اور رمضان المبارک کی برکتوں کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
