ضلع گجرات میں کیش لیس نظام کے فروغ کیلئے ڈیجیٹل آن بورڈنگ ڈرائیو کا آغاز

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

حکومتِ پنجاب کے کیش لیس معیشت کے فروغ کے ویژن کے تحت ضلع گجرات میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کو عام کرنے کیلئے کیش لیس ٹرانزیکشنز کی ڈیجیٹل آن بورڈنگ ڈرائیو جاری ہے۔ اس مہم کا انعقاد اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور ضلعی انتظامیہ گجرات کے باہمی اشتراک سے کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد کاروباری سرگرمیوں کو جدید ڈیجیٹل نظام سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

latest urdu news

اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین نے مسلم بازار گجرات میں کیش لیس کیو آر کوڈ سسٹم کا باضابطہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر گجرات عبدالقادر زرکون سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر تاجروں کو ڈیجیٹل ادائیگی کے فوائد اور طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق آئندہ دو ہفتوں کے دوران ضلع بھر میں مرحلہ وار ڈیجیٹل آن بورڈنگ ڈرائیوز کا انعقاد کیا جائے گا، جن کے ذریعے تقریباً تین ہزار تاجروں کو کیش لیس ادائیگی کے نظام سے منسلک کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد نقد لین دین پر انحصار کم کرنا اور شفاف مالی نظام کو فروغ دینا ہے۔

ڈیجیٹل آن بورڈنگ پروگرام کے تحت گجرات شہر میں تین روزہ ڈیجیٹل ڈرائیو منعقد کی جائے گی، جبکہ کھاریاں سٹی اور لالہ موسیٰ میں ایک، ایک روزہ ڈیجیٹل ڈرائیوز کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ جی ٹی روڈ لالہ موسیٰ اور گجرات میں قائم پھل فروشوں کے تھلوں کو بھی کیو آر کوڈ کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام سے منسلک کیا جائے گا۔

گجرات میں پٹرول پمپوں پر ڈیجیٹل ادائیگی اور جدید سہولیات لازمی قرار

انتظامیہ نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت گجرات اور لالہ موسیٰ کی اناج منڈیوں کو بھی ڈیجیٹل طور پر فعال بنایا جائے گا، جبکہ ماڈل بازار گجرات کی مکمل ڈیجیٹائزیشن بھی اس پروگرام کا اہم حصہ ہے، تاکہ خریدار اور دکاندار دونوں آسان اور محفوظ لین دین کر سکیں۔

ضلعی حکام کا کہنا ہے کہ کیش لیس نظام کے فروغ سے نہ صرف مالی شفافیت میں اضافہ ہوگا بلکہ تاجروں اور صارفین کو وقت اور وسائل کی بچت جیسی سہولیات بھی میسر آئیں گی۔ انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام ڈیجیٹل پاکستان اور جدید معیشت کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter