صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا وسیع جال بچھا دیا ہے اور مکمل ہونے والے بڑے منصوبوں سے عوام براہِ راست فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے فراہم کیے گئے فنڈز کے باعث گجرات میں بھی اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر کی ترقی کے لیے فنڈز کی فراہمی پر وہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشکور ہیں اور چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں گجرات کا نقشہ بدل دیں گے۔ انہوں نے مدینہ سیداں میں زیر تعمیر نکاسی آب کے مرکز کو علاقے کے عوام کے لیے ایک اہم اور قیمتی منصوبہ قرار دیا۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ گزشتہ سیلاب کے دوران کشمیر سے آنے والے پانی کے ریلے کے باعث شہر متاثر ہوا تھا جبکہ بعض شرارتی عناصر نے بند کو نقصان پہنچانے کی کوشش بھی کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور عوام کو بھی چاہیے کہ ایسے عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت، معیاری اور شفاف تکمیل کے لیے عوامی نگرانی بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مدینہ سیداں میں ایک کھیل کا میدان قائم کیا جائے گا اور اس حوالے سے صوبائی وزیر کھیل سے بات کی جائے گی۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی گجرات میں کارروائیاں، 220 انسپکشنز، متعدد جرمانے عائد
انہوں نے مزید بتایا کہ گجرات ریلوے اسٹیشن کو بہتر بنایا جائے گا۔ اس سلسلے میں ریلوے حکام سے بات چیت ہو چکی ہے اور اس کے بعد مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
دورے کے موقع پر مسلم لیگ گجرات شہر کے صدر علی آباد جوڑا، جماعت کے کارکنان اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے جبکہ شہریوں نے کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر چوہدری شافع حسین سے اظہارِ تشکر کیا۔
