گجرات پولیس نے کالج کی طالبات کو اسلحہ کے زور پر ہراساں کرنے اور پولیس پارٹی پر فائرنگ کرنے والے اوباش نوجوان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے ناجائز پسٹل 30 بور بھی برآمد کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) گجرات رانا عمر فاروق کی زیرِ قیادت جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ تھانہ ڈنگہ پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک اوباش نوجوان کالج کی طالبات کو اسلحہ دکھا کر ہراساں کرتا ہے، جس پر پولیس نے فوری مقدمہ درج کر لیا۔
ڈی پی او گجرات نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کے لیے ڈی ایس پی کھاریاں سرکل شاہد محمود کی زیرِ نگرانی ایس ایچ او تھانہ ڈنگہ انسپکٹر مجاہد عباس اور دیگر افسران پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی۔
پولیس ٹیم نے جب ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپہ مارا تو ملزم نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی اور موٹر سائیکل پر فرار ہونے کی کوشش کی۔ تاہم پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ تعاقب جاری رکھا۔ تیز رفتاری کے باعث ملزم اپنی موٹر سائیکل سے گر کر معمولی زخمی ہو گیا، جسے موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ملزم سے غیر قانونی اسلحہ (پسٹل 30 بور) برآمد کیا گیا ہے اور اس کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے تاکہ دیگر ممکنہ جرائم اور سہولت کاروں کا سراغ لگایا جا سکے۔
گجرات: ادھار سگریٹ نہ دینے پر فائرنگ، دکاندار قتل
اس موقع پر ڈی پی او رانا عمر فاروق کا کہنا تھا کہ عوام، خصوصاً طالبات کو ہراساں کرنے والے عناصر کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔ ایسے جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی تاکہ معاشرے میں امن و امان قائم رہے۔