گجرات: اسسٹنٹ کمشنر گجرات عبدالقدیر زرکون نے بھمبر روڈ پر واقع ڈی واٹسن میگا سٹور پر کارروائی کرتے ہوئے اسے سیل کر دیا۔ یہ کارروائی اس وقت عمل میں آئی جب میگا سٹور میں ایکسپائری شدہ جوس فروخت ہونے کی اطلاع موصول ہوئی۔
کارروائی کے دوران اسسٹنٹ کمشنر عبدالقدیر زرکون نے میگا سٹور کے مالکان اور عملے سے وضاحت طلب کی اور قوانین کی خلاف ورزی پر فوری طور پر دکان کو سیل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی صحت اور معیارِ زندگی کے تحفظ کے لیے کسی بھی قسم کی غیر معیاری یا ایکسپائری اشیاء کی فروخت برداشت نہیں کی جائے گی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ گجرات عوام کی صحت اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ ریڈز اور مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھے گی، اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ڈی واٹسن میگا سٹور کے سیل ہونے کے بعد متعلقہ حکام مزید تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ عوام کو معیار کے مطابق محفوظ اشیاء فراہم ہوں۔
