گجرات میں 18 ارب روپے کے جدید سیوریج منصوبے پر کام جاری، شہر کو ماڈل بنانے کا عزم

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی منظوری کے تحت گجرات شہر میں 18 ارب روپے کی لاگت سے جدید سیوریج سسٹم کے منصوبے پر کام جاری ہے، جسے دو سال میں مکمل کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ یہ منصوبہ شہر کے شہریوں کو سیلابی صورتحال سے محفوظ رکھنے اور ماحولیاتی بہتری کے لیے اہم قدم ہے۔

latest urdu news

چوہدری شافع حسین نے گجرات کا دو روزہ دورہ کیا اور شہر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے نو تعمیر شدہ جلال پور جٹاں روڈ کا افتتاح کیا، جو یونیورسٹی آف گجرات تک دو رویہ اور چھ کلومیٹر طویل ہے، جس سے شہریوں کو آمدورفت میں سہولت حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے پنجاب واسا گجرات کے آفس کا بھی دورہ کیا اور شکایات سیل میں آن لائن شکایات ازالے کے جدید نظام کا جائزہ لیا۔

صوبائی وزیر نے سروس موڑ بریج اور رحمان شہید روڈ پر کام کی رفتار کا معائنہ کیا اور ظہور الٰہی شہید اسٹیڈیم میں ڈسپوزل اسٹیشن کی تعمیر کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ واسا شہر کے 15 سے 20 سال پرانے گند کو نکال رہا ہے اور ترقیاتی کام بروقت اور معیار کے مطابق مکمل کیے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کی منظوری کے بعد شروع ہونے والے عالمی معیار کے سیوریج منصوبے کے ساتھ ساتھ دیگر اربوں روپے مالیت کی ترقیاتی سکیمیں بھی تیزی سے جاری ہیں۔

گجرات میں سیوریج، ڈرینج اور عیدالاضحی صفائی پلان پر تیزی سے کام جاری، ڈپٹی کمشنر

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ شہر کو کسی بھی سیلابی صورتحال سے محفوظ رکھنے کے لیے پلان بی تیار رکھا گیا ہے اور تمام ادارے مربوط انداز میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مشینری کی دیکھ بھال اور کام کی رفتار پر موثر مانیٹرنگ جاری رکھیں اور سیوریج نالوں کو جان بوجھ کر بند کرنے والے شرارتی عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سروس موڑ بریج مکمل ہونے کے آخری مراحل میں ہے اور آئندہ ڈیڑھ ماہ میں ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے اس موقع پر واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے گزشتہ دو سالوں میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کیے اور عوام ان منصوبوں سے مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں گجرات کو ترقی کے لحاظ سے ماڈل شہر بنایا جائے گا۔ اس موقع پر مسلم لیگ کے اراکین پنجاب اسمبلی، سٹی گجرات کے صدر اور متعلقہ سرکاری افسران بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter