60
گجرات ، سٹی کرائم ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے خواتین سے پرس چھیننے کی وارداتوں میں ملوث اشتہاری ملزم ظہیر بابر ولد محمد افضل کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتاری سے قبل ملزم اور اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ظہیر بابر زخمی ہو گیا۔
ظہیر بابر کا شمار خطرناک جرائم پیشہ عناصر میں ہوتا ہے اور وہ درجن سے زائد مقدمات میں کریمینل ریکارڈ رکھتا ہے، کچھ عرصہ قبل اس کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں اسے گجرات شہر میں ایک باپردہ خاتون سے پرس چھینتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے،ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد واقعے پر عوامی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔
پولیس نے ملزم کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا ہے، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے اور دیگر وارداتوں میں اس کے ملوث ہونے کے شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔