ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن گجرات خالق داد گاڑا نے کہا ہے کہ صفائی کے حوالے سے کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، شہر کو صاف اور تجاوزات سے پاک بنانا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
کمشنر گوجرانوالہ و گجرات سید نوید حیدر شیرازی کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے صفائی اور تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن دوسرے روز بھی پوری شدت سے جاری رہا۔ چیف آفیسر خالق داد گاڑا کی نگرانی میں میونسپل کارپوریشن کا عملہ مکمل طور پر فیلڈ میں سرگرم عمل رہا اور شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
جی ٹی روڈ، ٹائر مارکیٹ، لاری اڈہ اور ملحقہ بازاروں میں کارروائی کے دوران ان دکانوں کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا جہاں صفائی کے اصولوں کی خلاف ورزی کی جا رہی تھی۔ متعدد دکانداروں کو دکانوں کے باہر کوڑا کرکٹ پھینکنے اور نالوں میں گندگی ڈالنے پر موقع پر ہی جرمانہ کیا گیا جبکہ 20 دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔
ایڈمنسٹریٹر نے ہدایت کی کہ صفائی اور تجاوزات کے خلاف آپریشن بلاامتیاز اور بلا تعطل جاری رکھا جائے گا تاکہ گجرات شہر کو ماڈل سٹی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور عوامی صحت کے لیے صفائی ایک اجتماعی ذمہ داری ہے۔
چیف آفیسر خالق داد گاڑا نے شہریوں اور دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ صفائی مہم میں میونسپل انتظامیہ سے تعاون کریں اور سڑکوں، نالوں یا عوامی مقامات پر گندگی نہ پھینکیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر صفائی مہم جاری رہے گی اور شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ گجرات کو صاف، سرسبز اور خوشنما شہر بنایا جا سکے