گجرات پولیس کے اسپیشل کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (CCD) نے ضلع بھر میں ناجائز اسلحہ اور اس کی نمائش کے خلاف مؤثر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران اسلحہ کی نمائش سے متعلق 2 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ 6 ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ ٹانڈہ کی حدود میں کی گئی کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان میں محمد اسلم، عون عباس، مختار احمد، ارشد علی، عدیل ربانی اور عباس علی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 2 کلاشنکوف رائفلز، 223 بور رائفل، میگزین، ٹوپہ اور بڑی تعداد میں گولیاں برآمد کی گئیں۔
اس حوالے سے ڈی ایس پی گجرات سید عامر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر اور اسلحہ کی نمائش کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے والے افراد کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
ڈی ایس پی نے مزید کہا کہ "ڈالہ کلچر” اور غیر قانونی اسلحہ کی نمائش کے ذریعے قانون کی دھجیاں اُڑانے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے، اور ایسے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ علاقے میں پائیدار امن قائم رکھا جا سکے۔