گجرات کے نواحی علاقے میں لرزہ خیز واقعہ، قاتل واردات کے بعد فرار۔
گجرات کی تحصیل ڈنگہ کے گاؤں گکھڑ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک نوجوان لڑکی کو محض رشتے سے انکار پر زندگی سے محروم کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق، ملزم عمران سندھی کچھ عرصے سے گکھڑ میں مقیم تھا۔ اس نے لڑکی کو شادی کی پیشکش کی تھی، مگر انکار پر طیش میں آ کر وہ لڑکی کے گھر میں داخل ہوا اور فائرنگ کرکے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔
واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے مقتولہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔ پولیس کی جانب سے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ملک بھر میں خواتین کے خلاف اس نوعیت کے واقعات تشویشناک حد تک بڑھ چکے ہیں، جن میں خواتین کو رشتے یا شادی سے انکار جیسے ذاتی فیصلوں پر جان سے مار دیا جاتا ہے۔ ایسے واقعات نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے چیلنج ہیں بلکہ سماج میں بڑھتے عدم برداشت کے رجحان کی علامت بھی ہیں۔