حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں نقصانات کے جائزے کے لیے ڈیمیج اسیسمنٹ سروے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سروے میں چار اہم محکمے مشترکہ طور پر حصہ لے رہے ہیں، جن میں ریونیو ڈیپارٹمنٹ، ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ، پاکستان آرمی اور اربن یونٹ شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین نے سروے ٹیموں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایمانداری اور محنت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی متاثرہ خاندان حکومتی امداد سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام نقصانات کو موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے محفوظ کیا جائے تاکہ شفافیت برقرار رہے۔
سروے ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں گھر گھر جا کر متاثرین کی فصلوں، مال مویشیوں اور دیگر نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیں گی۔ حاصل کردہ معلومات کو فوری طور پر آن لائن پورٹل پر اپ لوڈ کیا جائے گا تاکہ حکومت کو بروقت اور درست اعداد و شمار دستیاب ہوں اور متاثرہ خاندانوں کی امداد ممکن بنائی جا سکے۔
اسی سلسلے میں جامعہ اسکول سروس موڑ گجرات میں سروے ٹیموں کے لیے تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں عملے کو عملی تربیت فراہم کی گئی تاکہ وہ فیلڈ میں کام کے دوران درپیش چیلنجز سے بہتر طور پر نمٹ سکیں۔