محکمہ صحت پنجاب نے ناقص کارکردگی اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر ڈاکٹر رحمان گلزار کو ہٹا کر ڈاکٹر امتیاز احمد رانا کو ایم ایس عزیز بھٹی شہید ہسپتال تعینات کردیا۔
گجرات، محکمہ صحت پنجاب نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کو تبدیل کردیا ہے، جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر رحمان گلزار کو ناقص کارکردگی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور عوامی وسائل کو بے دریغ استعمال کرنے کے الزامات پر عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ ڈاکٹر امتیاز احمد رانا کو ہسپتال کا نیا ایم ایس تعینات کیا گیا ہے۔
محکمہ صحت پنجاب کے ذرائع کے مطابق حالیہ عرصے میں اسپتال کی کارکردگی کے حوالے سے متعدد شکایات موصول ہو رہی تھیں۔
مریضوں کو درپیش مشکلات، علاج معالجے میں کوتاہی اور انتظامی بدانتظامی کے باعث ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے تفصیلی جائزہ لیا اور ڈاکٹر رحمان گلزار کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا۔
عزیز بھٹی ہسپتال سے منڈی بہاؤالدین کے شہری کی موٹر سائیکل چوری
ڈاکٹر امتیاز احمد رانا نے عہدہ سنبھالتے ہی کہا ہے کہ وہ ہسپتال میں عوامی سہولت کو اولین ترجیح دیں گے اور مریضوں کے علاج معالجے کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال کے تمام وسائل عوام کی فلاح کے لیے ہیں اور ان کے استعمال میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔
شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ نئی تعیناتی سے اسپتال کی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور مریضوں کو معیاری سہولیات فراہم ہوں گی۔