گجرات: ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق نے پولیس لائن گجرات کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے مختلف برانچوں اور دفاتر کا معائنہ کیا۔ دورے کا مقصد پولیس لائنز میں انتظامی امور، نظم و ضبط، صفائی ستھرائی اور اہلکاروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او گجرات نے ایلیٹ آفس، ایم ٹی آفس سمیت پولیس لائنز کے مختلف حصوں کا بغور معائنہ کیا۔ انہوں نے دفاتر کی کارکردگی، ریکارڈ کی ترتیب، گاڑیوں کی حالت اور اہلکاروں کے لیے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر نعیم اقبال اور ریزرو انسپکٹر سلیم رضا بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ڈی پی او گجرات نے پولیس لائنز میں مجموعی نظم و ضبط اور صفائی ستھرائی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا، تاہم متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صفائی کے معیار اور انتظامی نظم کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ پولیس لائنز ایک مثالی ادارے کے طور پر کام کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صاف ستھرا اور منظم ماحول پولیس اہلکاروں کی کارکردگی پر مثبت اثر ڈالتا ہے۔
ڈی پی او گجرات کا یونیورسٹی آف گجرات کا دورہ، پولیس خدمت مرکز کے قیام پر اہم مشاورت
رانا عمر فاروق نے اس موقع پر کہا کہ پولیس کے جوانوں کو پولیس لائنز میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بہتر رہائشی اور دفتری ماحول اہلکاروں کے حوصلے بلند کرتا ہے اور وہ زیادہ دلجمعی سے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرتے ہیں۔
ڈی پی او گجرات نے مزید کہا کہ پولیس فورس کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پولیس لائنز میں موجود سہولیات کو مسلسل بہتر بنایا جائے اور مسائل کی بروقت نشاندہی کر کے ان کا حل یقینی بنایا جائے۔
