ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر گجرات رانا عمر فاروق نے چوکی ڈھل بنگش کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں پولیس افسران کے علاوہ علاقہ مکینوں اور معزز شہریوں نے بھی شرکت کی، جس پر مقامی افراد نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا۔
افتتاح کے موقع پر ڈی پی او گجرات نے چوکی کی نئی عمارت کا تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید تقاضوں کے مطابق تعمیر کی گئی یہ عمارت شہریوں کو بہتر سروس ڈیلیوری، بروقت انصاف کی فراہمی اور ایک محفوظ ماحول مہیا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس چوکیوں کی بہتری سے عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کی فضا کو مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے۔
ڈی پی او رانا عمر فاروق نے چوکی میں تعینات افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ عوام الناس سے خوش اخلاقی اور نرم رویے کے ساتھ پیش آئیں۔ انہوں نے زور دیا کہ چوکی میں آنے والے سائلین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر سنا اور حل کیا جائے تاکہ شہریوں کو بلاوجہ پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق کا پولیس لائن میں فلاحی اقدامات کا تسلسل، دو نئے لاؤنجز کا افتتاح
انہوں نے مزید کہا کہ گجرات پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور ضلع میں امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور مستقبل میں بھی پولیسنگ کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ ڈی پی او نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی خدمت، شفافیت اور قانون کی بالادستی گجرات پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
