چک خواجہ کا زمیندار ڈنگہ کرنسی ایکسچینج سے رقم لے کر نکلا تو نوسربازوں کا نشانہ بن گیا، نقدی، شناختی کارڈ، لائسنس اور موبائل فون چھین لیے گئے۔
ڈنگہ، نوسربازوں کی دیدہ دلیری کم ہونے کے بجائے بڑھتی جا رہی ہے۔ حالیہ واقعے میں ضلع منڈی بہاؤالدین کے گاؤں چک خواجہ کا رہائشی زمیندار ثناء اللہ ولد احمد دین قوم گوندل نوسربازوں کا نشانہ بن گیا۔ متاثرہ شخص بیرون ملک سے بھیجی گئی 60 ہزار روپے کی رقم ڈنگہ کے ایک معروف کرنسی ایکسچینج سے دن 1:30 بجے وصول کر کے باہر نکلا تو پہلے سے تاک میں بیٹھے دو سے تین نوسربازوں نے اسے باتوں میں الجھا لیا اور علی پیٹرولیم کے قریب لے جا کر چالاکی سے لوٹ لیا۔
ملزمان نے نہ صرف کرنسی ایکسچینج سے لی گئی 60 ہزار روپے کی رقم ہتھیا لی بلکہ متاثرہ کے پاس پہلے سے موجود 24 ہزار روپے، قومی شناختی کارڈ، موٹر سائیکل کا رجسٹریشن کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس اور دو عدد موبائل فون بھی چھین لیے۔ مجموعی طور پر تقریباً 84 ہزار روپے مالیت کا نقصان ہوا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق، ملزمان انتہائی مہارت سے واردات کے بعد فرار ہو گئے، جبکہ پولیس تاحال کسی کو گرفتار نہ کر سکی۔ متاثرہ زمیندار نے فوری طور پر پولیس سے رابطہ کیا، مگر ہمیشہ کی طرح صرف روایتی کارروائی تک ہی محدود رہا گیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بینکوں، کرنسی ایکسچینج دفاتر اور مالیاتی اداروں سے نکلنے والے افراد اکثر ان نوسربازوں کا نشانہ بنتے ہیں، لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ آج تک کسی بھی واردات میں ملوث ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔
یاد رہے کہ ڈنگہ اور گردونواح میں اس سے قبل بھی نوسربازی کے متعدد واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں، لیکن پولیس کی عدم توجہی اور نگرانی کے فقدان کے باعث عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ مقامی حلقے مطالبہ کر رہے ہیں کہ کرنسی ایکسچینج اور بینکوں کے اطراف سادہ کپڑوں میں پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کا مؤثر نظام بنایا جائے تاکہ شہری اپنے مالی لین دین کو محفوظ طریقے سے انجام دے سکیں۔