گجرات،حالیہ شدید بارشوں اور پانی میں ڈوبنے کے پے در پے واقعات کے بعد ڈپٹی کمشنر گجرات نوید احمد نے ضلعی سطح پر ہنگامی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں اور افسران کو فوری عملدرآمد کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انسانی جانوں کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے فوری اقدامات ضروری ہو چکے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے حکم جاری کیا ہے کہ ضلع بھر میں دریاؤں، نہروں، برساتی نالوں اور دیگر تمام آبی ذخائر پر نہانے، تیراکی کرنے یا کسی بھی تفریحی سرگرمی میں حصہ لینے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے تاکہ ان مقامات پر غیر ضروری ہجوم اور غیر مجاز رسائی کو مؤثر طور پر روکا جا سکے۔
انہوں نے پولیس، ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کو مشترکہ طور پر فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت دی ہے۔ تمام حساس اور حادثاتی خطرے والے مقامات پر لائف گارڈز کی تعیناتی کو فوری یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے، جب کہ مسلسل پیٹرولنگ کا نظام بھی نافذ کیا جا رہا ہے،مساجد کے ذریعے مسلسل اعلانات کروا کر عوام کو آگاہی فراہم کرنے کی حکمت عملی بھی اپنائی گئی ہے تاکہ ہر فرد تک حفاظتی پیغام پہنچ سکے۔
ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے شہریوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور خاص طور پر اپنے بچوں کو پانی کے ذخائر کے قریب جانے سے روکیں، معمولی لاپرواہی کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے عوامی تعاون اس موقع پر نہایت ضروری ہے۔
یاد رہے کہ گجرات اور گرد و نواح میں حالیہ دنوں میں شدید بارشوں کے نتیجے میں دریا اور نہریں لبریز ہو چکی ہیں، جس کے باعث متعدد افراد پانی میں ڈوبنے کے واقعات کا شکار ہو چکے ہیں۔ ان واقعات نے انتظامیہ کو متحرک کر دیا ہے، اور اب ہنگامی اقدامات کے ذریعے انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔