گجرات، ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے عید الاضحی کے دن سوشل ویلفیئر شیلٹر ہوم گجرات کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وہاں مقیم بزرگ شہریوں، خواتین اور دیگر افراد سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور عید کی خوشیوں میں شریک ہوئے۔
ڈپٹی کمشنر نے شیلٹر ہوم میں مقیم افراد کے ساتھ وقت گزارا، ان کے مسائل سنے اور عملے سے فراہم کی جانے والی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ لی، انہوں نے وہاں موجود افراد کے لیے مٹھائی، عید تحائف اور دیگر اشیائے ضروریہ تقسیم کیں تاکہ انہیں عید کی خوشیوں میں تنہا محسوس نہ ہو۔
صفدر حسین ورک نے کہا کہ معاشرے کے ان افراد کی دلجوئی اور ان کے ساتھ وقت گزارنا ہم سب کی سماجی اور اخلاقی ذمہ داری ہے، انہوں نے مزید کہا کہ بزرگوں اور بے سہارا افراد کو عزت و وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کے تمام مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
ڈپٹی کمشنر نے شیلٹر ہوم کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ وہاں رہنے والوں کو ہر ممکن سہولت دی جائے، ان کی ضروریات کا خاص خیال رکھا جائے اور ان کے لیے ایک پرامن اور باوقار ماحول یقینی بنایا جائے۔
یاد رہے کہ عیدین کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شیلٹر ہومز، ہسپتالوں اور دیگر اداروں کا دورہ معمول کا حصہ ہے تاکہ معاشرے کے محروم طبقات کو خوشیوں میں شریک کیا جا سکے۔