گجرات: ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں احمد شیر گوندل کے ہمراہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کھاریاں کا تفصیلی دورہ کیا۔
انہوں نے ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، صفائی ستھرائی، ادویات کی دستیابی، سٹاف کی حاضری اور ایمرجنسی سروسز کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے او پی ڈی، ایمرجنسی، لیبارٹری، وارڈز اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے براہ راست بات چیت کی اور اُن کی رائے سنی۔ بعض مریضوں نے دستیاب خدمات کو تسلی بخش قرار دیا، جبکہ کچھ نے معمولی شکایات کا اظہار کیا، جن کے فوری ازالے کی ہدایات موقع پر ہی جاری کی گئیں۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں صفائی، سینیٹیشن اور سٹاف کی موجودگی کا ریکارڈ بھی چیک کیا۔ انہوں نے سی ای او ہیلتھ اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہر آنے والے مریض کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں، اور ہسپتال کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ ضلعی انتظامیہ اس مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات مہیا کی جا سکیں۔