اسپیشل کورٹ سینٹرل لاہور نے منی لانڈرنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
عدالت نے دوران سماعت پرویز الہٰی کی ایک پیشی کے لیے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کی غیر حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ کیس کی سماعت اسپیشل سینٹرل کورٹ کے جج عارف خان نیازی نے کی، جس میں پرویز الہٰی سمیت ان کے اہلِ خانہ اور دیگر نامزد افراد کے خلاف منی لانڈرنگ الزامات کا جائزہ لیا گیا۔
جج نے ریمارکس دیے کہ "قانون سے بالا کوئی نہیں، بار بار کی غیر حاضری عدالت کے وقار کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔”
یاد رہے کہ اس کیس میں پرویز الہٰی اور ان کے قریبی رشتہ داروں پر غیرقانونی مالی لین دین، اثاثے چھپانے اور منی لانڈرنگ کے الزامات عائد ہیں۔ عدالت نے قبل ازیں متعدد بار پرویز الہٰی کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔
عدالت نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ پرویز الہٰی کو آئندہ سماعت پر ہر صورت پیش کیا جائے۔ کیس کی مزید سماعت کی تاریخ جلد متوقع ہے۔