صوبائی وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین کی خصوصی دعوت پر ایک اعلیٰ سطحی چینی بزنس ڈیلگیشن نے آج گجرات کا دورہ کیا، جہاں اس نے پنکھے اور فرنیچر کی صنعت میں سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کے امکانات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دورے کو مقامی صنعت اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
چینی وفد نے سب سے پہلے گجرات میں قائم معروف صنعتی یونٹس رائل فین گجرات اور نیشنل فرنیچر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وفد کو جدید مینوفیکچرنگ پراسیسز، آٹومیشن، مصنوعات کے معیار، ڈیزائننگ، کوالٹی کنٹرول اور عالمی منڈیوں میں ایکسپورٹ کے حوالے سے جامع بریفنگ دی گئی۔ وفد نے مقامی صنعت کی پیداواری صلاحیت اور عالمی معیار کو سراہا۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر آفس گجرات میں ایک تفصیلی اجلاس منعقد ہوا، جس میں چینی وفد نے ڈپٹی کمشنر گجرات اور ضلعی انتظامیہ کے افسران سے ملاقات کی۔ اجلاس کے دوران ضلع گجرات کی تاریخی اہمیت، صنعتی پروفائل، جغرافیائی محلِ وقوع اور جاری و آئندہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی وفد میں میڈم ہو (صدر، ہونان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری)، مسٹر فین (نمائندہ ہونان انٹرپرائزز)، مسٹر شون (سی ای او ہونان انٹرپرائزز)، میڈم لی (چائنا اکنامک کوریڈور پراجیکٹ) اور ڈاکٹر عمران (ڈائریکٹر پی بی آئی ٹی لاہور) شامل تھے۔ وفد نے پاکستان خصوصاً گجرات میں صنعتی ماحول کو سرمایہ کاری کے لیے موزوں قرار دیا۔
ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین کی جانب سے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔ اس موقع پر چینی وفد نے ضلع گجرات اور چین کے ضلع لاوڈی کے درمیان سسٹر ڈسٹرکٹ ایگریمنٹ پر دستخط کرنے کے عزم کا اظہار کیا، جس سے مستقبل میں صنعتی، تجارتی اور تکنیکی تعاون کے نئے دروازے کھلنے کی توقع ہے۔
