گجرات، پنجاب کے ضلع گجرات میں دریائے چناب کے شہباز پور کے مقام پر بند ٹوٹنے سے پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہو گیا، جس کے نتیجے میں دو بچے ڈوب کر جاں بحق جبکہ تیسرے کو زندہ بچا لیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق پانی تیزی سے اطراف کی آبادیوں میں داخل ہوا جس کی زد میں تین بچے آ گئے۔ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو کارروائی کرتے ہوئے دو بچوں کی لاشیں نکالیں جبکہ تیسرے کو بحفاظت بچا لیا گیا۔
جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت 13 سالہ عبدالرؤف اور 12 سالہ سمیع اللہ کے نام سے ہوئی ہے، دونوں آپس میں کزن تھے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیمیں تاحال موقع پر نہیں پہنچ سکیں، جب کہ سیلابی پانی میں تقریباً 100 کے قریب افراد اب بھی پھنسے ہوئے ہیں۔
ادھر انتظامیہ نے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاہم پانی کے دباؤ اور دشوار گزار راستوں کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔
دریائے چناب میں شدید سیلاب: ڈپٹی کمشنر گجرات نے فوج سے فضائی مدد مانگ لی
یاد رہے کہ دریائے چناب میں حالیہ بارشوں اور بالائی علاقوں سے پانی چھوڑنے کے باعث نچلے درجے کا سیلاب آیا ہے، جس سے گجرات اور اطراف کی نشیبی بستیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔