گجرات میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کی گزشتہ ایک سال کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
چیئر پرسن بورڈ سارہ رشید نے بورڈ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات اور آئندہ لائحہ عمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر نے بورڈ کے امور میں شفافیت اور بہتری کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل معیاری فنی تعلیم کے فروغ سے جڑا ہے اور نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کر کے ملکی ترقی کی منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ڈپلومہ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا اعلان کیا اور کہا کہ امتحانی مراکز اور مارکنگ سنٹر کی نگرانی کے لیے مانیٹرنگ سیل کا قیام ایک مثبت اقدام ہے۔
صوبائی وزیر نے پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کی ڈیجیٹلائزیشن اور پیپر لیس بنانے کے عمل کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ وقت کی بچت ہو اور نظام میں شفافیت آئے۔ انہوں نے بورڈ کے شکایات سیل کو مزید فعال بنانے اور شکایات کے فوری ازالے پر زور دیا۔
چیئر پرسن بورڈ سارہ رشید نے بتایا کہ طلباء کو آن لائن سروسز فراہم کرنا شروع کی جا رہی ہیں، اور ہر سال تقریباً 30 ہزار مختلف اقسام کے ڈپلومہ جاری کیے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں سیکرٹری بورڈ چوہدری محمد حفیظ، ڈپٹی سیکرٹری حفیظ الرحمٰن، سینئر ریسرچ آفیسر شہزاد جاوید اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔