اسلام آباد: کویت نے پاکستانی شہریوں پر عائد 19 سالہ ویزہ پابندی ختم کر دی ہے، جس کے بعد پاکستانیوں کے لیے ورک، فیملی، وزٹ، سیاحتی اور کمرشل ویزوں کا دوبارہ اجرا شروع کر دیا گیا ہے۔
وزارتِ اوورسیز پاکستانیز کے فوکل پرسن مصطفیٰ ملک کے مطابق کویتی حکومت کا یہ فیصلہ پاکستانی ہنرمندوں، کاروباری افراد اور سیاحوں کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستانی افرادی قوت کی مانگ بڑھ رہی ہے اور کویت کا اقدام اس رجحان کا عملی ثبوت ہے۔
ویزہ عمل مکمل طور پر آن لائن
مصطفیٰ ملک کا کہنا ہے کہ کویت نے ویزہ حاصل کرنے کا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا ہے، جس سے ہزاروں پاکستانی شہریوں کو روزگار، تجارت اور سیاحت کے نئے مواقع دستیاب ہوں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اٹلی کے ساتھ بھی ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط ہو چکے ہیں، جس کے تحت اٹلی ہر سال پاکستانی شہریوں کے لیے ملازمتوں کا کوٹہ مختص کرے گا۔
دیگر عرب ممالک کی بھی دلچسپی
علاوہ ازیں، دیگر خلیجی و عرب ممالک بھی پاکستان سے تربیت یافتہ اور ہنرمند افرادی قوت کو روزگار کے مواقع دینے میں سنجیدگی سے دلچسپی لے رہے ہیں، جس پر مختلف سطحوں پر بات چیت جاری ہے۔