نصیر عباس سدھو نے بجٹ کو حقیقت پسندانہ قرار دیا، کہا مہنگائی کنٹرول رہی تو ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔
گجرات: پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع گجرات کے رہنما اور ممبر قومی اسمبلی نصیر عباس سدھو نے قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ مثالی ہے، جو معاشی خودمختاری، سچائی اور حقیقت پسندی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی معاشی ٹیم نے انتہائی مشکل حالات، اندرونی مسائل اور آئی ایم ایف کی سخت شرائط کے باوجود ایک متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے۔
نصیر سدھو کا کہنا تھا کہ ہم نے نہ ماضی میں جھوٹے وعدے کیے اور نہ ہی کسی اقدام پر بلاوجہ کریڈٹ لینے کی سیاست کی۔ ان کے مطابق، یہ بجٹ محض اعدادوشمار کا مجموعہ نہیں بلکہ حقیقی اصلاحات کی جانب عملی پیش رفت ہے۔ اگر مہنگائی قابو میں رہی تو ملک جلد ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہوگا، جہاں روزگار، سرمایہ کاری اور اعتماد بحال ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ 2017 میں جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو غیر آئینی طریقے سے ہٹایا گیا تو ملک میں مہنگائی صرف 4 فیصد تھی، مگر اس کے بعد جو غیر سنجیدہ تجربے عوام پر کیے گئے، ان سے معیشت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا۔ آج حالات کو دوبارہ سنوارنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
نصیر عباس سدھو نے کہا کہ عوامی فلاح، معاشی استحکام اور ریاستی اداروں کے ساتھ ہم آہنگی ہی پاکستان کے مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ن) اصلاحات، ترقی اور سچائی کے سفر پر ثابت قدم رہے گی۔
یاد رہے کہ 2017 میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خاتمے پر مہنگائی کی شرح 4 فیصد تھی، جو بعد ازاں سیاسی غیر یقینی صورتحال کے باعث شدید بڑھی اور معیشت بحران کا شکار ہوئی۔