گجرات کے علاقے عیدگاہ اور گاؤں برسہ سے نامعلوم چور دو موٹر سائیکلیں چرا کر فرار ہو گئے، پولیس خاموش۔
گجرات، شہر اور دیہی علاقوں میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق گجرات کے علاقے عیدگاہ اور گاؤں برسہ سے دو موٹر سائیکلیں چوری کر لی گئیں۔
واردات کے دوران چوروں نے نہ صرف دیدہ دلیری سے موٹر سائیکلیں چرا لیں بلکہ جائے واردات سے فرار ہونے میں بھی کامیاب ہو گئے۔
متاثرہ شہریوں نے تھانے میں رپورٹ درج کروا دی ہے، تاہم پولیس کی جانب سے اب تک روایتی خاموشی اختیار کی گئی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گجرات میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتیں معمول بنتی جا رہی ہیں اور پولیس صرف کاغذی کارروائی تک محدود ہے، جب کہ اصل مجرم آزادی سے گھوم رہے ہیں۔
شہری حلقوں میں پولیس کی کارکردگی پر شدید تنقید کی جا رہی ہے اور عوام کا مطالبہ ہے کہ چوریوں کی روک تھام کے لیے نہ صرف مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے بلکہ جدید نگرانی کا نظام بھی متعارف کروایا جائے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کی جا سکے۔