جنرل (ر) اظہر محمود کیانی نے ٹی ایچ کیو اسپتال سرائے عالمگیر کا اچانک دورہ کیا، سہولیات کے فقدان پر ایم ایس اور عملے کی سرزنش، نرسری فعال کرنے اور نرسوں کی کمی دور کرنے کے احکامات جاری۔
سرائے عالمگیر میں پنجاب کے مشیر صحت جنرل (ر) اظہر محمود کیانی نے ٹی ایچ کیو اسپتال کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف شعبہ جات کا جائزہ لیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سرکاری سہولیات کی صورتحال کا بغور مشاہدہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ادویات کی کمی اور طبی سہولیات کے فقدان پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور ایم ایس سمیت متعلقہ عملے کی سرزنش کی۔
اظہر محمود کیانی نے نوزائیدہ بچوں کی نرسری کو فعال کرنے اور نرسوں کی کمی کو فوری طور پر پورا کرنے کے احکامات جاری کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت سرکاری اسپتالوں میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مشیر صحت نے اس بات کا اعتراف کیا کہ مریضوں کی شکایات حقیقی ہیں اور ان کے ازالے کے لیے حکومت سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپتالوں کے زمینی حقائق کو سمجھنے کے لیے وہ خود غیر اعلانیہ دورے کر رہے ہیں تاکہ اصلاحاتی عمل کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔
یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے حالیہ دنوں میں سرکاری اسپتالوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے مانیٹرنگ کا عمل تیز کیا ہے، اور مشیر صحت کا یہ دورہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔