پولیس کو 25 سے زائد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا، جرائم کی دنیا میں ’ڈان‘ کے نام سے پہچانا جاتا تھا
گجرات: تحصیل و ضلع گجرات کے علاقے گودال سے تعلق رکھنے والا خطرناک ڈاکو علی حسن عرف حسن مشتاق گزشتہ شب پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ یہ مبینہ مقابلہ پکھووال کے قریب سی سی ڈی گجرات پولیس اور ڈاکو کے درمیان پیش آیا۔
سی سی ڈی پولیس کے مطابق علی حسن ایک عرصے سے پولیس کو قتل، ڈکیتی، اغوا، زمین پر قبضے اور دیگر سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔ اس کے خلاف 25 سے زائد مقدمات درج تھے اور وہ علاقہ میں جرائم کی دنیا کا ڈان کہلاتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ علی حسن کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر ٹیم نے کارروائی کی، جس کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور علی حسن موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ مقابلے کے حوالے سے مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔
واضح رہے کہ گجرات پولیس ان دنوں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف متحرک ہے اور حالیہ ہفتوں میں کئی اہم گرفتاریاں اور مقابلے ہو چکے ہیں۔ علی حسن کی ہلاکت کو پولیس کی بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا کم ہونے کی امید ہے۔