گجرات عذاب الٰہی سے نہیں آلِ ظہور الٰہی کی کرپشن سے ڈوبا ہے: عابد رضا کوٹلہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

چوہدری عابد رضا کوٹلہ نے گجرات میں بارش اور سیلابی صورتحال کے باعث ہونے والی تباہ کاریوں پر چوہدری پرویز الٰہی اور ان کے خاندان کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چوہدری پرویز الٰہی کا گجرات کا حالیہ دورہ اور مسلم لیگ (ن) پر تنقید دراصل ایک پرانا اسکرپٹ ہے، جسے نئے کاغذ پر لکھ کر عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے۔ وہ شخص جو پچاس برس سے اقتدار کے ایوانوں میں موجود رہا، جواب مانگنے کے بجائے جواب دینے کا پابند ہے کہ اس کا آبائی شہر کیوں بارش کے پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔

latest urdu news

چوہدری عابد رضا نے کہا کہ پرویز الٰہی 1122 جیسے منصوبے کا بار بار ذکر کر کے خود کو عوامی خدمت کا علمبردار ظاہر کرنا چاہتے ہیں، اگر واقعی خدمت کا جذبہ اتنا ہی بلند تھا تو بہتر ہوتا کہ وہ خود اپنے گھر، گلی اور محلے کو محرومیوں سے بچاتے۔ عمل یہ ظاہر کرتا ہے کہ خدمت کے نام پر صرف نعرے لگائے گئے اور اشتہارات چلائے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرویز الٰہی کے دورے میں ان کے ساتھ کھڑے معروف وکیل سلمان اکرم راجہ کے چہرے پر جمی ہوئی محتاط مسکان اس بات کا ثبوت تھی کہ یہ بیانیہ عوام کے دکھ درد سے کوسوں دور اور زمین سے کٹا ہوا ہے۔

چوہدری عابد رضا نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ پچاس برسوں میں گجرات سمیت پورے پنجاب کے وسائل لوٹنے والے آج ایک دوسرے پر الزام تراشی کر کے راہِ فرار اختیار کرنا چاہتے ہیں، لیکن گجرات کے عوام باشعور ہیں اور اب صرف حساب مانگ رہے ہیں۔ وہ پوچھ رہے ہیں کہ کیوں ان کے محلے اور گلیاں آج بھی پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گجرات کے لوگ اب جلسوں کی رونق، کھوکھلے دعوے اور الزام تراشیوں کی سیاست میں نہیں بہکیں گے، کیونکہ اگر کوئی اپنی گلی اور محلے کو نہیں بچا سکا تو وہ پورے پنجاب کا ٹھیکیدار کیسے بن سکتا ہے۔ عوام کو اب نعرے نہیں بلکہ حساب چاہیے، اور اگر کچھ نہیں کر سکتے تو کم از کم گجرات کے عوام سے معافی مانگیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter