گجرات: ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں عطائی ڈاکٹروں اور جعلی یا بغیر لائسنس ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا عزم ظاہر کیا گیا۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر غمخوار حسین شاہ، سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ مہوش ابرار اور ڈرگ انسپکٹرز شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران متعدد کیسز سماعت کے لیے پیش کیے گئے، جن میں سنگین نوعیت کے کیسز کو ڈرگ کورٹ میں ریفر کر دیا گیا جبکہ معمولی نوعیت کی خلاف ورزیوں پر میڈیکل اسٹور مالکان کو وارننگز جاری کی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے محکمہ صحت اور ڈرگ انسپکٹرز کو ہدایت دی کہ جعلی ادویات کے کاروبار اور عطائیوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید سخت اور مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بغیر کوالیفائیڈ پرسن کے کسی بھی میڈیکل اسٹور کو کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور شہریوں کی صحت کے ساتھ کھیلنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے عوامی صحت کے تحفظ کے لیے حکومتی پالیسیوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی۔