اتوار, 15 جون , 2025

سی سی ڈی پولیس مقابلے میں 3خطرناک اشتہاری ملزمان ہلاک

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

گجرات میں سی سی ڈی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے تین خطرناک اشتہاری ملزمان کو مختلف مقابلوں میں ہلاک کر دیا، جن میں وہ مجرم شامل تھے جو برسوں سے عوام میں خوف کی علامت بنے ہوئے تھے، تھانہ گلیانہ، تحصیل کھاریاں میں ہونے والے ایک پولیس مقابلے میں مشہور اشتہاری مجرم دانش علی ولد محمد صادق اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے مارا گیا، پولیس نے دو مشکوک افراد کو روکا تو انہوں نے فائرنگ کر دی جس پر جوابی کارروائی میں دانش علی ہلاک ہو گیا، مذکورہ ملزم گلیانہ میں پولیس کانسٹیبل کی شہادت، سات معصوم شہریوں کے قتل اور بھتہ خوری جیسے سنگین جرائم میں ملوث تھا۔

اسی طرح ایک اور پولیس مقابلے میں انتہائی مطلوب ملزم محمد عامر ساکن لاہور ٹاؤن مارا گیا، عامر متعدد ڈکیتیوں، معصوم شہریوں کو فائرنگ سے زخمی کرنے اور دہشتگردی کے مقدمات میں مطلوب تھا، پولیس کے مطابق اس کے قبضے سے خودکش جیکٹ بھی برآمد ہوئی تھی، جبکہ وہ مختلف اضلاع میں راہزنی کی وارداتوں کا مرکزی کردار تھا۔

latest urdu news

تیسرا مقابلہ تحصیل کھاریاں کے قریب پبی فارسٹ میں پیش آیا جہاں کروڑوں روپے کی ڈکیتیوں اور سنگین وارداتوں میں مطلوب ملزم عباس اشرف ساکن گوجرانوالہ کو ہلاک کر دیا گیا۔ وہ گجرات کے تھانہ صدر میں ڈھائی کروڑ روپے کی بڑی ڈکیتی کا مرکزی ملزم تھا اور ضلع چنیوٹ میں اس کے سر کی قیمت بھی مقرر کی گئی تھی۔

ان کارروائیوں کے بعد پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان اشتہاری مجرموں کے مارے جانے سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو گی اور عوام کے دلوں سے خوف کا سایہ چھٹ جائے گا۔

یاد رہے کہ دانش علی، محمد عامر اور عباس اشرف جیسے ملزمان طویل عرصے سے قانون کی گرفت سے باہر تھے، جن کے خلاف سنگین جرائم کے متعدد مقدمات درج تھے، یہ افراد نہ صرف پولیس اہلکاروں بلکہ عام شہریوں کی جان و مال کے لیے بھی سنگین خطرہ بن چکے تھے، ان کی ہلاکت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ایک بڑی کامیابی تصور کی جا رہی ہے۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter