گجرات کے نواحی علاقے میں سیلابی ریلے میں پھنسے 23 افراد کو ریسکیو 1122 کی ٹیم نے موٹر بوٹ کی مدد سے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے آفیشل X (ایکس) اکاؤنٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ گجرات کے نواحی علاقے میں پیش آنے والے ایک خطرناک واقعے کے دوران 23 افراد سیلابی ریلے میں پھنس گئے، تاہم ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی نے ممکنہ بڑے سانحے کو ٹال دیا۔
ریسکیو کنٹرول روم کو اطلاع ملتے ہی ادارے کی تربیت یافتہ ٹیم فوری طور پر موٹر بوٹ کے ساتھ جائے وقوعہ پر روانہ ہوئی اور میلوں دور، مشکل ترین مقام تک پہنچ کر امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔
ریسکیو 1122 کی ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیلابی پانی میں گھرے تمام افراد کو بحفاظت نکالا اور محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔ اہلِ علاقہ نے ریسکیو ٹیم کی بروقت اور جانفشانی سے کی گئی کارروائی کو سراہا اور ان کے جذبۂ خدمت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ریکارڈ بارش ہوئی، مگر نقصان کم ہوا، ریکسیو اور پولیس کا کردار حیران کن ہے، مریم نواز
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، اس لیے شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر سیلابی علاقوں کی طرف جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر 1122 پر اطلاع دیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس بھی مون سون بارشوں کے دوران گجرات اور گرد و نواح کے متعدد دیہی علاقوں میں پانی بھرنے کے واقعات پیش آئے تھے، جہاں ریسکیو 1122 نے درجنوں افراد کو ریسکیو کیا تھا۔ اس سال ریسکیو سروس نے پہلے سے زیادہ مؤثر حکمتِ عملی اور فوری رسپانس پلان تیار کر رکھا ہے۔