بورے والا میں تیز رفتار کار کی ٹکر سے 2 نوجوان جاں بحق

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

بورے والا کے علاقے میں تیز رفتاری کا ایک اور خونی واقعہ پیش آیا جہاں ایک بے قابو کار نے دو موٹر سائیکلوں کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں دو نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوئے۔
واقعہ اتوار کی صبح اُس وقت پیش آیا جب موٹر سائیکل سوار معمول کے مطابق سڑک پر سفر کر رہے تھے کہ ایک تیز رفتار کار اچانک بے قابو ہو کر ان سے جا ٹکرائی۔ حادثے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ دونوں موٹر سائیکلیں بری طرح تباہ ہو گئیں اور سواروں کو شدید چوٹیں آئیں، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں، جنہوں نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

latest urdu news

پولیس نے جائے حادثہ سے شواہد اکھٹے کرکے کار کو تحویل میں لے لیا ہے اور واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سڑک پر اکثر تیز رفتاری کے باعث حادثات رونما ہوتے ہیں اور متعلقہ حکام کو بارہا شکایات کے باوجود کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔

یاد رہے کہ بورے والا اور گردونواح میں تیز رفتاری کے باعث حادثات میں گزشتہ چند ماہ کے دوران نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، اس سے قبل بھی ایسے کئی واقعات میں قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، تاہم ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور رفتار پر قابو پانے کے لیے عملی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter