ہفتہ, 26 اپریل , 2025

گجرات میں بھی معذور افراد کے لیے ہمت کارڈ کی ترسیل کا آغاز کر دیا گیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر پنجاب بھر کی طرح ضلع گجرات میں بھی معذور افراد کے لیے ہمت کارڈ کی ترسیل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں سوشل ویلفیئر دفتر گجرات میں ایک افتتاحی تقریب منعقد کی گئی، جس میں ایم پی اے عبداللہ یوسف وڑائچ، چوہدری اعجاز احمد رنیاں، سٹی صدر مسلم لیگ (ق) علی ابرار جوڑا، اور ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے ہمت کارڈ ڈسٹریبیوشن سینٹر کا افتتاح کیا۔

latest urdu news

تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ثمن اعجاز، سوشل ویلفیئر آفیسر مبشر اقبال اور خصوصی افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے بتایا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر کے پاس ضلع گجرات میں تقریباً 8,000 معذور افراد رجسٹرڈ ہیں، جن میں سے 650 افراد کے ہمت کارڈز موصول ہو چکے ہیں اور ان کی تقسیم کا عمل ڈسٹریبیوشن سینٹرز کے ذریعے جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق، تحصیل گجرات میں 380، تحصیل کھاریاں میں 238 اور سرائے عالمگیر میں 75 معذور افراد کو کارڈ موصول ہو چکے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ہمت کارڈ کے ذریعے معذور افراد کو ہر تین ماہ بعد 10,500 روپے فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے معذور افراد کو ہدایت کی کہ وہ اس کارڈ کے حصول کے لیے درخواستیں جمع کروائیں۔ اس کے لیے پہلے سرکاری ہسپتال سے معذوری کا سرٹیفکیٹ حاصل کریں، پھر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اپنا اندراج کروائیں، اور آخر میں محکمہ سوشل ویلفیئر کے دفاتر سے رابطہ کریں۔

ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے ڈسٹریبیوشن سینٹرز میں آنے والے افراد کے لیے بہترین انتظامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بیٹھنے کے لیے مناسب جگہ اور پینے کے پانی کی سہولت یقینی بنائی جائے۔

News Alert Urdu

شیئر کریں:
frontpage hit counter