کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک کے ہمراہ گجرات شہر، مدینہ سیداں، جمال پور سیداں، ملہو کھوکھر اور ملحقہ دیہات کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خضر حیات بھٹی اور اسسٹنٹ کمشنر گجرات بلال زبیر بھی موجود تھے، کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نے مدینہ سیداں، جمال پور سیداں، مدینہ سیداں، چک مبارک، لوراں، ملہو کھوکھر اور ملحقہ علاقوں میں پانی کی صورتحال اور نکاسی آب کے اقدامات کا جائزہ لیا۔
کمشنر نوید حیدر شیرازی نے دورہ کے بعد جناح چوک میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گجرات شہر اور ملحقہ دیہاتوں کی فصلوں میں شدید بارشوں کے باعث پانی جمع ہے، اور عوامی شکایات سے بخوبی آگاہ ہیں۔
شکایات کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں، نکاسی آب کے لیے گوجرانوالہ سے 5 ہیوی ڈیوٹی موٹریں اور ہیومن ریسورس بھجوایا جا رہا ہے، اور پانی کا رخ تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ دیہات اور شہر کو محفوظ رکھا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گجرات میں مون سون کے دوران سیوریج کے مسائل کا یہ آخری سال ہوگا، کیونکہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ورلڈ بینک کے تعاون سے جامع سیوریج اسکیم پر کام کیا جا رہا ہے۔
کمشنر نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے ساتھ SAMMA ایگریمنٹ سائن ہو چکا ہے، جس کے تحت تینوں تحصیلوں میں صفائی، نکاسی آب، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور سیوریج سسٹم کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔
ورلڈ بینک پراجیکٹ کی منظوری کے لیے سفارشات حکومت پنجاب کو بھجوا دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گجرات شہر اور دیہات میں ہیوی مشینری اور ہیومن ریسورس کی مدد سے نکاسی آب کا عمل جاری ہے، اور تمام انتظامی افسران فیلڈ میں موجود ہیں اور تمام معاملات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
کمشنر نے مزید کہا کہ میونسپل کارپوریشن گجرات کا عملہ مسلسل سیوریج لائنوں اور نالوں کی ڈی سلٹنگ اور صفائی میں مصروف ہے، اور جلد ہی نکاسی آب کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔
کمشنر نوید حیدر شیرازی نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، پلاسٹک بیگز کا استعمال ترک کریں، اور کوڑا، پلاسٹک بیگز و دیگر اشیاء سیوریج لائنوں اور نالوں میں نہ پھینکیں، کیونکہ پلاسٹک بیگز سیوریج لائنوں کی بندش کی اصل وجہ ہیں۔
بارشوں اور پانی سے نقصانات کا ڈیٹا مرتب کیا جا رہا ہے، اور ان نقصانات کے ازالے کے لیے حکومت پنجاب سے درخواست کی جائے گی۔