ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے کھاریاں -ڈنگہ روڈ پر جاری ترقیاتی منصوبے کا دورہ کیا اور منصوبے کے مختلف حصوں پر جاری تعمیراتی کام، رفتار، معیار اور مٹیریل کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر کو ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جہانگیر شبیر بٹ اور ایکسین ہائی وے نے منصوبے سے متعلق بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر صفدر ورک کو بتایا گیا کہ کھاریاں تا ڈنگہ دو رویہ شاہراہ کی بحالی و توسیع کا یہ منصوبہ 2922 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا جا رہا ہے، جس کے تحت 29 کلومیٹر طویل سڑک کو جدید معیار کے مطابق تعمیر کیا جا رہا ہے۔
منصوبے کے تحت اس کی تجویز کردہ تعمیراتی چوڑائی 69 فٹ ہو گی، اور 24 فٹ + 24 فٹ کارپیٹڈ سڑک تیار کی جائے گی، جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی بہتر ہو گی بلکہ شہریوں کو محفوظ اور آرام دہ سفر کی سہولت میسر آئے گی۔
ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے تعمیراتی کام کے معیار اور مٹیریل کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ حکومت پنجاب کے ویژن کا حصہ ہے، جس کا مقصد دیہی اور شہری علاقوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا اور مقامی ترقی کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اہم شاہراہ کی تعمیر سے کھاریاں، ڈنگہ اور امرہ کلاں سمیت ارد گرد کے علاقوں کے ہزاروں افراد مستفید ہوں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے ترقیاتی کاموں کی مانیٹرنگ کے لیے باقاعدگی سے موقع پر دورے کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔