جمعرات, 24 اپریل , 2025

ڈپٹی کمشنر گجرات کا موضع کوٹ غلام کا دورہ، ریسکیو 1122 کی فلڈ موک ایکسرسائز

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

گجرات: ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے موضع کوٹ غلام/شیخ پور میں ریسکیو 1122 کے زیرِ اہتمام سیلاب سے نمٹنے کے لیے منعقدہ فلڈ موک ایکسرسائز کا معائنہ کیا۔ اس مشق کا مقصد قدرتی آفات کی صورت میں فوری، منظم اور مؤثر ردعمل کو یقینی بنانا تھا تاکہ ممکنہ نقصانات کو کم کیا جا سکے اور متاثرہ افراد کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔

latest urdu news

ڈپٹی کمشنر نے مشق کے دوران ریسکیو اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت، تیاری اور مربوط کارروائیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی عملی مشقیں نہایت اہمیت رکھتی ہیں کیونکہ ان کی مدد سے فیلڈ میں کام کرنے والے اداروں کی کارکردگی میں بہتری آتی ہے اور ہنگامی حالات میں فوری ردعمل ممکن ہوتا ہے۔

فلڈ موک ایکسرسائز کے دوران ریسکیو آپریشنز، متاثرہ افراد کی محفوظ منتقلی، ابتدائی طبی امداد، میڈیکل کیمپ، لائیو اسٹاک کیمپ اور جانوروں کے علاج کی سہولیات کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ یہ تمام سرگرمیاں ایک مکمل ریلیف پلان کا حصہ تھیں جس کا مقصد کسی بھی قدرتی آفت کی صورت میں مکمل تیاری کو یقینی بنانا تھا۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خضر حیات بھٹی، اسسٹنٹ کمشنر گجرات بلال زبیر، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عمر غمن، ڈسٹرکٹ لائیو اسٹاک آفیسر ڈاکٹر طاہر عزیز، ڈی ایس پی محمد الیاس، چیف ڈیزاسٹر آفیسر محمد اشفاق اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ ایسی مشقوں کو باقاعدگی سے اور منظم انداز میں جاری رکھا جائے تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter