ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک کی زیر صدارت دفتری اوقات کار میں، شہریوں کے مسائل سنے، موقع پر ہدایات جاری۔
ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے گڈ گورننس اور عوامی ریلیف کے اقدامات کو فروغ دینے کے لیے ڈی سی آفس میں روزانہ صبح 10 بجے سے 11 بج کر 30 منٹ تک پبلک آورز کے دوران شہریوں سے ملاقات کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ پبلک اوقات کار کے دوران شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مختلف نوعیت کے مسائل پیش کیے۔
ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے سائلین کے مسائل توجہ سے سنے اور کئی شکایات کا موقع پر ہی ازالہ کر دیا۔ پیش کیے گئے مسائل میں ریونیو سے متعلقہ امور، زمینوں کے انتقال، فرد، رجسٹریشن، سرکاری دفاتر سے متعلق شکایات سمیت دیگر عوامی نوعیت کے معاملات شامل تھے، جن پر فوری کارروائی کے لیے متعلقہ محکموں کو احکامات جاری کیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی خدمت کے مشن پر عمل پیرا ہے، سرکاری دفاتر کے دروازے عوام کے لیے کھلے ہیں اور ہر شہری بلا جھجک اپنے مسائل کے حل کے لیے رجوع کر سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریونیو نظام میں شفافیت، آسانی اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے جدید اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے تمام افسران کو ہدایت دی کہ پبلک آورز کے دوران آنے والے ہر سائل کے مسائل کو سنجیدگی سے سنا جائے اور ان کا بروقت حل یقینی بنایا جائے تاکہ ضلعی سطح پر عوام کا اعتماد بحال ہو اور حکومتی سروس ڈیلیوری میں بہتری لائی جا سکے۔