ہفتہ, 26 اپریل , 2025

ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک کا گورنمنٹ میٹرنٹی ہسپتال گجرات کا دورہ، انسداد پولیو مہم کی نگرانی، مریضوں اور لواحقین سے ملاقات

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے گورنمنٹ میٹرنٹی ہسپتال گجرات کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جاری انسداد پولیو مہم کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے گورنمنٹ میٹرنٹی ہسپتال گجرات کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جاری انسداد پولیو مہم کا جائزہ لیا اور موقع پر موجود بچوں کو خود پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر ثاقب منیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

latest urdu news

ڈپٹی کمشنر نے انسداد پولیو ٹیموں کی کارکردگی، ٹیم کے ریکارڈ، ویکسین کی دستیابی اور حفاظتی اقدامات کا تفصیلی مشاہدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع گجرات کو پولیو فری بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور مہم میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

دورے کے دوران ڈی سی گجرات نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا، مریضوں کی عیادت کی اور ان کے لواحقین سے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ صفائی، ادویات کی فراہمی، عملے کی حاضری اور علاج معالجے کے نظام کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات ہر ممکن فراہم کی جائیں۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر ثاقب منیر نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیو مہم کے دوران ہسپتالوں سمیت تمام اہم مقامات پر ٹیمیں سرگرم عمل ہیں، اور ہر بچے تک ویکسین پہنچانے کے لیے ایک مربوط حکمت عملی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مانیٹرنگ کا عمل سخت کر دیا گیا ہے تاکہ کوئی بچہ قطرے پینے سے محروم نہ رہ جائے۔

ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے والدین سے پرزور اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں تاکہ ہم سب مل کر گجرات کو پولیو فری بنا سکیں اور اپنی آئندہ نسل کو معذوری جیسے جان لیوا خطرے سے محفوظ رکھ سکیں۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter